اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے دارالحکومت کی فضائیں درود و سلام سے گونجنے لگیں۔ ہر طرف روحانیت کا دور دورہ، گلیاں، بازار، شاہرات، عمارات جگمگا اٹھے۔ جشن ولادتِ رسول ﷺ 12ربیع الاول کی مناسبت سے اشیاء کے سٹال سج گئے ۔شہر اقتدار مظفرآباد میں جشنِ ولادت رسول ﷺ شایان شان طریقے سے مذہبی عقیدت و احترام کے لیے منایا جا رہا ہے، مصروف ترین کاروباری مراکز، شاہراہوں اور چوکوں چوراہؤں پر جھنڈوں جھنڈیوں و دیگر 12ربیع اول کی مناسبت سے سٹالئز سجا دیے گئے ہیں جن پر عوام کا رش دیدنی ہے۔ بڑوں، بچوں، خواتین سمیت عوام کا جم غفیر ان سٹالز ہر خریداری کے لیے امڈ آیا ہے، بچوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافے نے جذبہ محبت رسول (ص) کو عیاں کر رکھا ہے۔ یہ سلسلہ یکم ربیع الاول سے بدستور جاری ہے جو 12 ربیع الاول کے بعد تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بارہ ربیع الاول کے دن کا آغاز قرآن خوانی اور دارالحکومت میں توپوں کی سلامی سے کیا جائے گا، جبکہ شہر بھر میں 12 ربیع الاول کی مناسبت سے سینکڑوں چھوٹے بڑے جلوس نکالے جائیں گے، جگہ جگہ گلی محلوں اور مساجد میں محافلِ میلاد کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
جشن ولادت رسولﷺ کے موقع پر شہر بھر کے مختلف علاقوں میں ریلیاں اور جلوس بھی نکالے جا رہے ہیں جس کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں جبکہ میلاد النبیﷺ کے موقع پر مرکزی سیرت کمیٹی کی جانب سے مساجد، عمارتیں اور شاہراہیں سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجائی گئی ہیں۔ اس موقع پر عاشقان رسولﷺ کی جانب سے حضرت محمد مصطفی ﷺسے عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے محافل میلاد منقعد کی جا رہی ہیں جن میں پیغمبر اکرم ﷺ کی شان بیان کی جاتی ہے جبکہ جشن میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے نذرونیاز کا بھی وافر بندوبست کیا جا رہا ہے۔ شہر اقتدار مظفرآباد میں مرکزی جلوس کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ اس سے قبل موٹر سائیکل ریلی اور چھوٹی بڑی گاڑیوں پر جلوس بھث کالے جائیں گے جن کے راستوں میں صفائی ستھرائی کے کاموں کی مئیر بلدیہ سید سکندر نثار گیلانی، چیف آفیسر بلدیہ، چیف آفیسر ضلع کونسل، محکمہ شاہرات کے آفیسران و عملہ کے علاؤہ ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر از خود اپنی نگرانی میں متحرک ہیں۔ ریلیوں، جلسے جلوسوں کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کا اہتمام کرنے کے لیے ایس ایس پی مظفرآباد نے چاروں تھانوں کے مہتمان کو متحرک کر رکھا ہے۔