اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام شہراعتکاف سج گیا ہے، گزشتہ روز ملک کے طول و ارض اور امریکہ برطانیہ، کینیڈا سے ہزارہا افراد معتکف ہوئے، خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی شہر اعتکاف کا حصہ بنی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری روزانہ نماز تراویح کے بعد ہزاروں معتکفین سے خطاب کریں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ”خدا کو کیوں مانیں؟ اور مذہب کو کیوں اپنائیں؟ کے موضوع پر خطابات کریں گے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معتکفین کو خوش آمدید کہا اور انھیں مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی کیلئے دس دن کیلئے دنیا کو چھوڑ دینا بہت بڑی سعادت اور توفیق ہے، معتکفین ایک ایک لمحہ اللہ کو راضی کرنے پر صرف کریں۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، صاحبزادہ شیخ حماد مصطفی المدنی القادری دس روز خصوصی خطابات کریں گے۔ خواتین معتکفات کی بڑی تعداد شہر اعتکاف کا حصہ بنی، جن کا ڈاکٹر فرح ناز، سدرہ کرامت، ام حبیبہ اسماعیل ،انیلا الیاس و دیگر خواتین راہنماؤں نے استقبال کیا۔ دریں اثناء ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظمین اعلیٰ انجینئر رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، جواد حامد، نوراللہ صدیقی نے معتکفین کو خوش آمدید کہا، معتکفین نے نماز عصر جامع المنہاج ٹاؤن شپ لاہور میں ادا کر کے اعتکاف کی نیت کی۔