0
Tuesday 6 Aug 2024 14:45

اسماعیل ہنیہ کی شہادت، خانہ فرہنگ ایران کراچی میں تعزیتی اجتماع، ویڈیو رپورٹ

متعلقہ فائیلیںخصوصی رپورٹ

خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کراچی میں شہید القدس الحاج شیخ اسماعیل ہنیہ کی مظلومانہ شہادت کی مناسبت سے تعزیتی اجمتاع اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا، جس میں جماعت اسلامی، متحدہ علماء محاذ پاکستان اور ذاکرین امامیہ پاکستان کے نمائندوں سمیت تمام مکاتب فکر اور مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، اساتذہ، طلباء اور عمائدین شہر نے شرکت کی اور مظلوم فلسطینیوں پر صیہونی مظالم کے خلاف اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ تعزیتی نشست میں مقررین نے شہید اسماعیل ہنیہ اور فلسطینی مجاہدین کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خانہ فرہنگ ایران کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے کہا کہ حماس کے مجاہد رہنما شیخ اسماعیل ھنیہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سرکاری مہمان تھے، جو نصف شب میں قرآن کریم کی تلاوت اور نماز میں مشغول تھے کہ مجرم غاصب اسرائیلی حکومت کے ہاتھوں بے دردی سے شہید ہوگئے، اسمعیل ہنیہ کو ایک اسلامی ملک میں نشانہ بنانا درپردہ ایک گہری سازش کی نشاندہی کرتا ہے۔

ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ایرانی صدر نے تاکید کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، فلسطینی حریت پسند مجاہدین کی حمایت جاری رکھتے ہوئے ممکنہ نتائج کے پروا کئے بغیر شہید اسماعیل ھنیہ کے خون کا بدلہ ضرور لے گا، چاہے ذمہ داران زمین کی تہوں میں چھپ جائیں۔ اجتماع سے بزرگ عالم دین مفسر قرآن اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی شوریٰ عالی کے سربراہ آیت اللہ شیخ حسن صلاح الدین، مسلم لیگ (ن) علماء ونگ سندھ کے سربراہ سید اظہر علی شاہ ہمدانی، جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز اور فلسطین فاؤنڈیشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر صابر ابومریم نے خطاب کیا اور صیہونی حکومت کے بزدلانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے شہید شیخ اسماعیل ہنیہ سے اپنی دلی عقیدت اور محبت کا اظہار کیا۔

جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمعیل ہنیہ کی شہادت مسلم امہ کیلئے بہت بڑا دھچکا ہے، ان کے چلے جانے سے ملت اسلامیہ کا ہر فرد دکھی ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم امہ متحد ہو کر اسلامی مزاحمتی محاذ کو مذید مستحکم کرے۔ فلسطین فاؤنڈیشن کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر صابر ابومریم نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس وقت اسلامی مزاحمت کا مرکز اور دارالحکومت بنا ہوا ہے، اس لئے حماس کے رہنما اسعمیل ہنیہ کو ایران میں شہید کیا گیا، تاکہ حماس اور ایران کے درمیان دراڑ پیدا کرکے اسلامی مزاحمتی محاذ کو کمزور کیا جا سکے، مگر یہ سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ تعزیتی اجتماع کے اختتام پر آیت اللہ مولانا شیخ حسن صلاح الدین نے شہید اسمعیل ہنیہ کی روح کو ایصال ثواب پہنچانے کیلئے دعا کرائی اور کہا کہ مشرق وسطیٰ میں فساد کی اصل جڑیں اسرائیل اور امریکا ہیں، جو ان شاءاللہ بہت جلد نیست و نابود ہونگے۔  قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 1152128
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش