0
Tuesday 21 May 2024 20:49

مقبوضہ کشمیر میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور انکے رفقا کی یاد میں دن بھر تعزیتی جلوس برآمد

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: جاوید عباس رضوی

مقبوضہ کشمیر میں آج دن بھر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور انکے رفقاء کی یاد میں تعزیتی جلوس برآمد ہوئے۔ تعزیتی جلوس میں شامل لوگوں نے ایرانی صدر اور ایرانی حکومت کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ جلوس میں شامل لوگوں نے ہاتھوں میں پوسٹرز، پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ایرانی صدر کی تصاویر اور تعزیتی پیغامات درج تھے۔ تعزیتی جلوس میں شامل لوگوں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا ’’ہم نے کسی شخص یا حکومت کے خلاف جلوس برآمد نہیں کیا بلکہ ایرانی باشندوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جلوس کی شکل میں اپنے جذبات کا برملا اظہار کیا‘‘۔ جلوس میں شامل ایک مقامی نوجوان نے کہا کہ ایرانی صدر کی حادثاتی موت سے کشمیر بھر کے باشندے سوگوار ہیں اور اس غم کا اظہار کرنے کے لئے ہم نے جلوس برآمد کیا ہے۔ تعزیتی جلوس میں سینکڑوں مرد و زن نے شرکت کی۔ دریں اثناء بڈگام سول سوسائٹی اور جموں و کشمیر کاروان ختم نبوت کے سربراہ مفتی مدثر احمد قادری و مولانا شوکت احمد کینگ نے بھی اس حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ایرانیوں کے ساتھ یکجہتی ظاہر کی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے قصبہ ماگام میں بھی اس ضمن میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں لوگوں کی ایک خاصی تعداد کی شرکت دیکھنے کو ملی۔ یہ جلوس ماگام گلمرگ روڑ پر چلتے ہوئے آخر کار امام باڑہ میں ختم ہوا۔ اس موقع پر ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ہم نے یہ جلوس تعزیت پرسی کے لئے نکالا ہے۔ چونکہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کی ایک ہیلی کاپٹر حادثہ میں موت واقع ہوگئی ہے، اس واقعہ کی تمام اعلیٰ ایرانی ایجنسیاں جانچ پڑتال کر رہی ہے کہ آیا یہ ایک قدرتی حادثہ ہے یا یہ کسی غیر ملک کی کوئی سازش کے تحت کیا گیا ہے، ابھی ہم اس بارے میں کچھ کہنے سے قاصر ہیں۔ تاہم ہم ایران کی عوام کے ساتھ اس غم کے موقع پر شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ادھر اس ضمن میں بھارتی حکومت نے بھی قومی پرچم کو جھکا کر یک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

درایں اثنا بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے منگل کو دہلی میں ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر خارجہ جے شنکر نے ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی اور میرے ساتھی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے انتقال پر اپنی گہری تعزیت پیش کرنے کے لئے آج دہلی میں ایران کے سفارت خانے کا دورہ کیا، انہیں ہمیشہ ہندوستان کے دوست کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جنہوں نے ہندوستان اور ایران تعلقات کی ترقی میں بہت زیادہ تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند اس مشکل وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 1136571
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش