اسلام ٹائمز۔ ماہرین معاشیات نے کہا ہے کہ پاکستان کے کراچی پورٹ سے افغانستان جانے والے کنٹینر کی سرویلنس ختم کرنے کا فیصلہ ایف بی آر کی نااہلی اور ناقص کارکردگی کی ایک واضح مثال ہے، یہ ایک ایسا فیصلہ ہے جس سے لگتا ہے کہ اگر کوئی اچھا کام ہو بھی رہا ہے محکمے میں تو وہ کسی جامع پالیسی کے تحت نہیں ہو رہا۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ماہرین معاشیات نے کہا کہ چونکہ افغانستان کو کوئی سمندرنہیں لگتا، اس لیے وہ دنیا کے ساتھ جو تجارت کرتا ہے وہ پاکستان کے راستے سے کی جاتی ہے لیکن افغان ٹرانزٹ ٹرید کا غلط استعمال ہونے کے بھی الزامات لگتے رہے ہیں کہ پاکستان میں بیشتر اسمگلنگ اسی روٹ کے ذریعے ہوتی ہے۔ ماہرین نے کہا کہ اس پر قابو پانے کیلئے مختلف حکومتوں نے مختلف اقدامات بھی کیے، ایف بی آر نے رواں ہفتے ایک حیران کن فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان سے جو کنٹینر افغانستان جاتے ہیں ان کی سرویلنس ختم کردی ہے۔