اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت کی جانب سے کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس مہنگی کر دی گئی، تاہم گھریلو صارفین، سیمنٹ اور کھاد سیکٹر کے لیے گیس کی موجودہ قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس 500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کر دی گئی ہے جس کے بعد سی پی پی کے لیے فی ایم ایم بی ٹی یو کے نرخ 3 ہزار سے بڑھ کر 3 ہزار 500 روپے ہو گئے ہیں، کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کے نرخوں میں اضافے کا اطلاق یکم فروری 2025ء سے ہو گا۔ گھریلو صارفین، روٹی تنور صارفین، کمرشل، سی این جی، سیمنٹ سیکٹر، فرٹیلائزر اور پاور سیکٹر کے لیے گیس کے موجودہ نرخ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔