اسلام ٹائمز۔ غزہ کی پٹی میں فلسطینی وزارت صحت نے آج اتوار کو اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں گذشتہ 72 گھنٹوں کے دوران 23 شہداء کی لاشیں اور 11 زخمی ہسپتالوں میں پہنچائے گئے۔ وزارت صحت نے شہداء اور زخمیوں کی تعداد سے متعلق اپنی روزانہ کی اعداد وشمار کی رپورٹ میں کہا ہے کہ شہداء میں 14 کی لاشیں گذشتہ حملوں کے بعد نکالی گئیں۔ 4 نئے شہداء اور 5 شہداء جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ وزارت صحت نے کہا کہ ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر اب بھی متعدد متاثرین موجود ہیں اور ایمبولینس اور شہری دفاع کا عملہ ان تک نہیں پہنچ سکتا۔ اس طرح غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت سے 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک 47 ہزار 306 شہید اور 111483 زخمی ہو چکے ہیں۔