0
Saturday 25 Jan 2025 20:27

میئر کراچی کی ماحولیاتی آلودگی کے خلاف ہفتہ وار بھاری ٹریفک پر پابندی کی حمایت

میئر کراچی کی ماحولیاتی آلودگی کے خلاف ہفتہ وار بھاری ٹریفک پر پابندی کی حمایت
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ماحولیاتی چیلنجز، خاص طور پر شہر کی سڑکوں پر بھاری ٹریفک کی وجہ سے پیدا ہونے والی فضائی اور شور کی آلودگی کو حل کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ہر اتوار صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک شہر میں بھاری ٹریفک پر پابندی لگانے کی تجویز کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کونسل میں منظوری اور نفاذ کے لیے پیش کی جائے گی۔ جمعہ کے روز قومی ادارہ برائے امراض قلب (NICVD) اور سندھ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیویسکولر ڈیزیزز (SICVD) کے اشتراک سے منعقدہ پہلے سالانہ سمپوزیم Advances in Cardiovascular Care کے افتتاحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ اقدام کراچی کے رہائشیوں، خاص طور پر ہمارے بچوں کے لیے ایک صحت مند اور زیادہ پائیدار ماحول پیدا کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے، ہفتے میں ایک دن گاڑیوں کے اخراج کو کم کرکے ہم آلودگی کے خلاف ایک معنی خیز قدم اٹھا سکتے ہیں۔

یہ تقریب جس میں قلبی صحت کی دیکھ بھال اور تحقیق میں جدید ترین پیشرفت کو اجاگر کیا گیا، نمایاں شخصیات کی موجودگی میں منعقد ہوئی، جن میں پیٹرن پروفیسر طاہر صغیر، چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی پروفیسر جاوید اکبر سیال اور دیگر ممتاز ڈاکٹرز اور سرجنز شامل تھے، تقریب کے دوران منتظمین اور مقررین نے آلودگی کے عوامی صحت، خاص طور پر قلبی بیماریوں پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کیا۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بھاری ٹریفک پر ہفتے میں ایک دن پابندی لگانے کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ کئی ممالک نے کامیابی سے ایسی تدابیر اختیار کی ہیں جو عوامی صحت کے لیے نقصان دہ سرگرمیوں کو محدود کرتی ہیں، یہ اقدام ایک نقطہ آغاز کے طور پر کام کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس تجویز کو منظوری اور نفاذ کے لیے کے ایم سی کونسل میں پیش کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1186561
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش