اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کو 2 ہزار پاؤنڈ وزنی بم فراہم کرنے کی اجازت دے دی۔ عرب میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل کو آج ہی یہ دیں گے، وہ طویل عرصے سے ان کا انتظار کر رہے تھے۔ صحافیوں نے صدر ٹرمپ سے سوال کیا کہ اسرائیل کو بم فراہمی پر عائد پابندی کیوں ہٹا رہے ہیں؟ جس پر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے یہ خریدے ہیں، اس لیے پابندی ہٹائی ہے۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ نے اسرائیل کو 2 ہزار پاؤنڈ وزنی بموں کی فراہمی روک دی تھی۔
عرب میڈیا کے مطابق بائیڈن انتظامیہ نے غزہ میں شہریوں پر اسرائیلی بمباری پر بموں کی فراہمی روکی تھی، نیتن یاہو نے امریکی صدر ٹرمپ سے اسرائیلی حمایت کرنے پر اظہار تشکر کیا ہے۔ نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسرائیلی دفاع کے لیے حمایت پر صدر ٹرمپ آپ کا شکریہ۔ نیتن یاہو نے مزید کہا کہ اپنے مشترکہ دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری آلات دینے کا وعدہ پورا کرنے کا شکریہ۔