اسلام ٹائمز۔ پنجاب حکومت نے اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے تحت 9 ہزار سے زائد افراد کو بلاسود قرض جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے پنجاب بھر کے 9 ہزار سے زائد افراد کو ساڑھے 8 ارب روپے سے زائد کا بلاسود قرض جاری کیا ہے، اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ ریاست عوام کے لیے ماں جیسی ہوتی ہے اور ماں کو بے گھر بچوں کا زیادہ احساس ہوتا ہے، خواہش ہے پنجاب میں کوئی بھی بے گھر نہ رہے، سب کے پاس اپنی چھت کا سکھ ہو، اس مقصد کے لیے اپنی چھت اپنا گھر پاکستان کا سب سے بہترین ہاؤسنگ پراجیکٹ ثابت ہوگا، اس میں سفارش نہیں بلکہ میرٹ پر بلاسود قرض ملے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت شہری 15 لاکھ روپے تک قرض لے سکتے ہیں، 15 لاکھ روپے کا قرض 7 سال میں 14 ہزار ماہانہ قسط پر ادا کرنا ہو گا، چینی سرمایہ کاروں نے پنجاب کو مواقع سے بھرپور سرزمین قرار دیا، سیاسی مخالفت کو دشمنی میں بدلنے کے رجحان نے پاکستان کو نقصان پہنچایا، 4 سال نالائقوں کے ہاتھ میں حکومت رہی، 40 سالہ ترقی کو تباہ وبرباد کر دیا، شہباز شریف کا ترقی کرتا ہوا پنجاب ملتا تو بہت تیزی آگے بڑھتے۔