اسلام ٹائمز۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے روبرو نمائش چورنگی دھرنے سے گرفتار ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے 17 افراد کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مقدمہ ابتدائی مرحلے میں ہے لہذا ضمانت مسترد کی جاتی ہے۔ ضمانت مسترد ہونے والے ملزمان میں حامد علی، زاہد حسین، سید عباس، احمد علی، ایان، حنان، نثار حسین، صادق علی، حمزہ، سہیل عباس، زین، حسن رضا، صادق علی، ایوب، صدیق, شیان، شکیل شامل ہیں۔ جن ملزمان کی ضمانت مسترد ہوئی ان میں 2 کم عمر ہیں۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ملزمان کے کم عمر ہونے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت نے 2 افراد علامہ اصغر شہیدی اور محمد عباس کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 50 ہزار روپے فی کس کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ عدالتی فیصلے سے پہلے ہی پولیس نے انہیں رہا کردیا تھا تاہم دونوں افراد نے بقیہ افراد کے بغیر رہائی سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ ہم اپنے باقی اسیروں کے ساتھ ہی جیل سے نکلیں گے۔ پراسیکیوٹر نے موقف دیا کہ ملزمان کی فائرنگ اور پتھراؤ سے 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ ملزمان کو سولجر بازار پولیس نے نمائش چورنگی سے گرفتار کیا تھا۔