اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے تحت اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار 12 جنوری کو 3 بجے دن سی ویو روڈ پر منعقد ہونے والے عظیم الشان ”غزہ مارچ“ کی تیاریاں اور انتظامات تیزی سے جاری ہیں، اس سلسلے میں سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں انتظامی کمیٹی کا اجلاس ہوا، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں ”غزہ مارچ“ کے سلسلے میں تشکیل دی گئیں مختلف ذیلی کمیٹیوں کے ذمہ داران نے اب تک کی جانے والی تیاریوں و انتظامات کے بارے میں بتایا، مختلف تجاویز و آراء کی روشنی میں مارچ کو بھرپور اور کامیاب بنانے اور شہریوں کی اپنی فیملیز کے ہمراہ بڑی تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلے اور اقدامات کیے گئے اور تمام ذمہ داران کو ہدایت کی گئی کہ تمام تیاریوں و انتظامات کو جلد از جلد حتمی شکل دے دی جائے۔
منعم ظفر خان نے انتظامی کمیٹی کے اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انبیاء ؑ کی سر زمین فلسطین اور مسلمانوں کے قبلہ اوّل کی آزادی پوری امت کے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے، حماس کے مجاہدین و اہل غزہ نے پوری امت کا سر فخر سے بلند اور اسرائیل کا غرورخاک میں ملا دیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ مزاحمت میں ہی زندگی ہے، ان کی حمایت اور پشتیبانی پوری امت کی ذمہ داری ہے، بالخصوص عالم اسلام کے حکمرانوں اور افواج کا فرض ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی روکنے کے لیے جرأت مندانہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے راست اور عملی اقدامات کریں۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ امریکہ و مغربی ممالک کی پشت پناہی، اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی و جانبداری اور عالم اسلام کے حکمرانوں کی بزدلی نے اسرائیل کو شہ دی ہے اور وہ خونی درندہ بنا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 15ماہ سے غزہ میں فلسطینی مسلمانوں کی بدترین نسل کشی کی جارہی ہے، اسرائیل 32 ہزار سے زائد بچوں و خواتین سمیت 46 ہزار فلسطینیوں کو شہید کر چکا ہے، غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا ہے، اسرائیل عالمی جنگی قوانین کی خلاف ورزیوں کا بھی مرتکب ہو رہا ہے اور شہری آبادیوں، اسکولوں ہسپتالوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں پر بھی بمباری کر رہا ہے، ادویات اور غذائی اجناس کی رسد کے راستے بھی بند کئے ہوئے ہیں، ان حالات کے باوجود اہل غزہ اسرائیل کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں، ان کی جرأت و استقامت اور قربانیوں کو پوری امت مسلمہ سلام پیش کرتی ہے، حماس کے مجاہدین اور اہل غزہ پوری امت کا اثاثہ ہیں، ہمارے حکمران خواہ کتنی ہی بزدلی دکھائیں، عوام اہل غزہ کی حمایت اور یکجہتی جاری رکھیں گے۔