اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی کے ڈائریکٹر "علی اکبر احمدیان" نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام صرف علاقائی ممالک کے تعاون اور مدد سے حاصل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں غیر ملکی افواج کی موجودگی ہمارے سیاسی و سلامتی کے مسائل کو گھمبیر بنا دیتی ہے۔ علی اکبر احمدیان نے ان خیالات کا اظہار اس وقت کیا جب انہوں نے "ایروان" میں آرمینیاء کے وزیراعظم "نکول پاشینیان" سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے ایران و آرمینیاء کی عوام کے درمیان گہرے تاریخی و اجتماعی تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران صنعت، زراعت، نینو ٹیکنالوجی اور بائیو ٹیکنالوجی میں آرمینیاء کو اپنے سائنسی و تیکنیکی تجربات منتقل کرنے کو تیار ہے۔
دوسری جانب آرمینیاء کے وزیراعظم نے اس ملاقات میں شمال-جنوب کوریڈور میں تعاون اور شرکت کرنے کے لئے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سیاسی، اقتصادی و دفاعی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ آرمینیاء کے وزیراعظم نے سابق ایرانی صدر شہید "سید ابراہیم رئیسی" کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ایرانی صدر کے زمانے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 3 بلین ڈالر تک لے جانے پر اتفاق ہوا تھا جس پر ہم کاربند ہیں۔ آخر میں دونوں فریقین نے ریفائنریوں اور پیٹرو کیمیکلز کی تعمیر جیسے نئے شعبوں میں مزید تعاون پر بھی زور دیا۔