اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کمپریسر بیچنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ جن میں مجموعی طور پر 42 کمپریسر ضبط اور 4 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اسپیشل مجسٹریٹ حسام الدین کاکڑ نے محکمہ گیس کے اہلکاران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کمپریسر بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف دکانوں سے 32 کمپریسر ضبط کرکے 3 دکانداروں کو گرفتار کروایا۔ جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سریاب نے گاہی خان چوک پر گیس کمپریسر بیچنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 12 کمپریسر ضبط کرکے ایک دکاندار کو گرفتار کرکے جیل بھجوا دیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں گیس کمپریسر مافیا کے خلاف کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔ اس دوران کسی سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ واضح رہے کہ کوئٹہ میں گیس پریشر کی کمی کے مسئلے کے حل کیلئے گیس کمپریسر کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔