اسلام ٹائمز۔ محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی میں مہنگی منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والا کیمیکل کیٹامائن برآمد کرلیا۔ محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ کے انچارج کورنگی سہیل عباس نے کراچی میں پریس کانفرنس میں کہا کہ برآمد ہونے والی 10 کلو 300 گرام کیٹامائن کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے، اینٹی نارکوٹکس نے بھٹائی کالونی پر چھاپہ مار کر کیٹامائن برآمد کیا۔ نارکوٹکس کنٹرول کے مطابق خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ بھارت سے اسمگل شدہ کیٹامائن کو دو افراد کراچی سپلائی کر رہے ہیں، ملزمان نے کوئٹہ سے کراچی منظم انداز میں کیٹامائن منتقل کیا، جسے کراچی میں کسٹمرز کو سپلائی کرنا تھی۔ نارکوٹکس کنٹرول ٹیم نے موقع پر ہی ذوالفقار اور زاہد نامی دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اپنے دیگر ساتھیوں کی تفصیلات شئیر کی ہیں۔ کیٹامائن آئس، کوکین، ہیروئین و دیگر مہنگی منشیات کی تیاری میں استعمال ہوتی ہے۔ مقدمہ درج کرکے کیٹامائن کیمیکل ضبط کر لیا گیا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔