اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں جمعہ کی شب رواں موسمِ سرما کی سرد ترین رات رہی، ہفتے کی صبح کم سے کم پارہ گزشتہ روز کے مقابلے میں 2 ڈگری کمی سے 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ یخ بستہ ہواؤں کے باعث سردی کی شدت اصل درجہ حرارت سے 2 تا 4 درجے زیادہ محسوس ہو سکتی ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم پارہ سنگل ڈیجیٹ میں 8 ڈگری، جبکہ ذیادہ سے ذیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کراچی میں سرد ترین رات رہی، تاہم سردی کا سابقہ ریکارڈ نہیں ٹوٹا، 14 دسمبر 1986ء کو شہر کا کم سے کم پارہ 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہو چکا ہے، ہفتے کو شہر میں چلنے والی ہواؤں کی رفتار 20 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔