اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء غلام نبی مری اور پارٹی کے دیگر عہدیداروں نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر کی کمی اور معطلی کے سلسلے میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر فاروق احمد خان، ڈپٹی جنرل منیجر محمد انور ناصر اور زونل منیجرز خان محمد بلوچ اور عبدالصمد مندوخیل سے ملاقات کی۔ انہوں نے کوئٹہ کے بیشتر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی اور معطلی کے مسئلہ پر تفصیلی گفت و شنید کی اور حکام بالا اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ اس شدید سردی میں گیس کی بندش سے عوام شدید مشکلات میں مبتلا ہیں۔ شہر میں درجہ حرارت منفی سے بھی کم ہو جاتی ہے اور اس سرد موسم میں کوئٹہ کے اکثر علاقے خاص طور پر سریاب اور اس کے گرد و نواح، کچلاک، مغربی اور مشرقی بائی پاس، ہزارہ ٹاؤن، مری آباد، علمدار روڈ، وحدت کالونی اور شہر کے وسطی علاقوں میں عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔ منفی درجہ حرارت میں عوام کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہیں۔ جس سے بوڑھے اور بچے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ان مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گیس پریشر کو فوری طور پر بحال کرانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس موقع پر گیس کمپنی کے اعلیٰ آفیسران نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ان مسائل کو کم کرنے کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں اور مختلف علاقوں میں ہمارے ٹی بی ایس اور پی ایس آر پر کام جاری ہے۔ جو آخری مراحل میں ہے اور ان کے مکمل ہونے کے ساتھ پریشر کا مسئلہ کافی حد تک حل ہوگا اور جلد ہی کوئٹہ کے شہریوں کو ان تکالیف سے نجات مل جائے گی۔