اسلام ٹائمز۔ یونائیٹڈ سیرین کمیونسٹ پارٹی کے رکن سیاسی دفتر بشار منیر نے شامی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غاصب صیہونی رژیم کی جارحیت سمیت شام پر قابض امریکہ و ترکی کی فوجوں کو بے دخل کرنے کے لئے متحد ہو جائیں۔ عرب ای مجلے المعلومہ کو انٹرویو دیتے ہوئے بشار منیر نے کہا کہ یونائیٹڈ کمیونسٹ پارٹی شام میں مذہبی یا فرقہ وارانہ تنازعات کو ہوا دینے پر مبنی کوششوں کی شدید مذمت کرتی ہے اور جو لوگ شامی معاشرے کے کسی بھی حصے کے قتل عام اور ان کی توہین کے درپے ہیں؛ ان کا احتساب ہونا چاہیئے۔ رکن سیاسی دفتر یونیائیٹڈ سیرین کمیونسٹ پارٹی نے مزید کہا کہ شام کے جمہوری و شہری مستقبل پر اتفاق رائے کے حصول کے لئے تمام سیاسی، سماجی و نسلی گروہوں کی شرکت سے ایک جامع گفتگو ہی واحد دستیاب حل ہے۔ اپنی گفتگو کے آخر میں بشار منیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اجارہ داری اور دوسروں کو کنارے لگانے کا عمل؛ ظلم، استبداد و طاغوت کی دوبارہ پیدائش کا سبب بنے گا لہذا ہم شام پر غاصب صیہونی رژیم کی جارحیت اور امریکی و ترک حملہ آور فوجوں کے قبضے سے مقابلے کے لئے پوری شامی عوام سے اتحاد کی اپیل کرتے ہیں!