اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملٹری کورٹ سے سویلین کو سزائیں دینے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کرنے کا اعلان کردیا۔ پارٹی کے رہنماء علی زمان ایڈوکیٹ نے کہا کہ انصاف لائرز فورم پشاور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کرے گی، ملٹری کورٹ میں ورکروں کو سزائیں غلط دی گئیں ہیں، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورکے کہنے پر رٹ دائر کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان فیصلوں کو کالعدم قرار دیا جائے گا اور سزاء پانے والے جلد رہا ہوں گے، جیلوں میں قید تمام قائدین اور کارکنان کی جلد رہائی کے لئے قوم سے دعائیں کرنے کی اپیل ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں فوجی عدالتوں کی جانب سے 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات میں ملوث 85 افراد کو سزائیں سنائی گئی تھیں، ان سزا یافتہ افراد پر گزشتہ سال عمران خان کی گرفتاری کے بعد احتجاج، توڑ پھوڑ، جلاؤ گھراؤ کے مقدمات درج کیے گئے تھے۔