اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی فورسز نے یمن میں حوثی مجاہدین کے ٹھکانوں، بندرگاہوں، تیل کی تنصیبات اور بجلی گھروں پر حملے کیے، ان حملوں میں کم از کم 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔ قطر کے نشریاتی ادارے کے مطابق مقامی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے یمن میں مختلف ٹھکانوں پر بھی حملہ کیا، جس میں صنعا میں دو بجلی گھروں کے علاوہ حدیدہ میں دو بندرگاہوں اور تیل کی تنصیبات پر بمباری کے بعد کم از کم 9 افراد جاں بحق ہوئے۔ خبر رساں ادارے المسیرہ ٹی وی نے کہا ہے کہ السلف کی بندرگاہ پر اسرائیلی حملے میں 7 افراد شہید ہوئے ہیں جبکہ باقی 2 افراد راس عیسیٰ کی تیل تنصیبات پر حملوں میں شہید ہوئے ہیں، دونوں مقامات مغربی صوبہ الحدیدہ میں واقع ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دشمن نے بندرگاہ کو نشانہ بناتے ہوئے 4 جارحانہ حملے کیے، تیل کی ایک تنصیب کو نشانہ بناتے ہوئے 2 چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جارحانہ حملوں کے سلسلے میں دارالحکومت صنعا کے جنوب اور شمال میں 2 مرکزی بجلی گھروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔