اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے چوہدری غلام عباس کی 57ویں برسی پر تحریک آزادی کشمیر میں ان کے کردار اور قربانیوں پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق غلام محمد صفی نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہا کہ چوہدری غلام عباس تحریک آزادی کشمیر کے ایک عظیم رہنما اور پاکستان کے ایک مخلص سپاہی تھے۔ریاست جموں و کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق چوہدری غلام عباس کا ایک خواب تھا اور اس خواب کی تعبیر کے لیے انہوں نے زندگی کے آخری سانس تک جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس ایک باکردار، باعمل اور بااصول سیاستدان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک درویش صفت شخصیت اور امت مسلمہ کیلئے انتہائی درد دل رکھنے والے عظیم انسان تھے۔ چوہدری غلام عباس نے کشمیر کی آزادی کے لیے بے شمار قربانیاں دیں اور ڈوگرہ حکومت کے دور میں متعدد بار گرفتار بھی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ رئیس الاحرار نے اپنی جوانی کے ابتدائی ایام سے ہی برصغیر کے مسلمانوں کی بالعموم اور کشمیری مسلمانوں کی بالخصوص انگریزوں اور پھر ڈوگروں کے ظلم و جبر سے خلاصی کے لئے انتہائی کوششیں کیں۔ چوہدری غلام عباس کو کشمیر کی تحریک آزادی کے ایک روشن ستارے کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ چوہدری غلام عباس کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم سب ملکر ان کے ادھورے مشن کو پائے تکمیل تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھیں۔