اسلام ٹائمز۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے سندھ بھر کی 31 شوگر ملوں کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں، شوگر ملوں کی کرشنگ سیزن میں پیداوار کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق سندھ کی شوگر ملیں ایف آئی اے کے ریڈار پر آگئی ہیں اور وفاقی ایجنسی نے صوبے بھر کی 31 شوگر ملوں کے خلاف تحقیقات اور سرویلنس شروع کر دی ہے۔ ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز سے ہدایت پر صوبے بھر کی تمام شوگرملوں کی کرشنگ سیزن میں پیداوار کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے اور تمام شوگر ملوں میں سیلز پروڈکشن اور اسٹاک کی تحقیقات کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے شوگر ملز کی کرشنگ سیزن میں پیداواری صلاحیت کو سیلز ٹیکس ایکٹ کے تحت مانیٹرنگ کرے گی۔ اس ضمن میں شوگر ملوں کو نوٹس جاری کرکے ایف آئی اے کو ریکارڈ فراہم کرنے کی صورت میں تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔