اسلام ٹائمز۔ طالبان حکومت کے وزیر آب و توانائی عبداللطیف منصور نے افغانستان کے شیعہ رہنما سید حسن فاضلزاده افغانستان کے ساتھ ملاقات میں مختلف سیاسی اور سماجی مسائل پر بحث و تبادلہ خیال کیا۔ طالبان حکومت کی وزارت آب و توانائی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، یہ ملاقات افغانستان کے شیعہ مسلمانوں کے مسائل اور چیلنجز خاص طور پر پانی اور بجلی کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ لینے کے لیے کی گئی۔ اس نشست کے دوران دونوں فریقین نے افغانستان میں اہل تشیع سے متعلق مسائل پر غور و خوض کیا اور دو طرفہ تعاون اور حمایت پر زور دیا۔ طالبان حکومت کے وزیر آب و توانائی نے کہا کہ موجودہ وسائل کے پیش نظر وزارت شیعہ آبادی والے علاقوں میں پانی اور بجلی کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب افغانستان کے بعض علاقوں، خاص طور پر شیعہ آبادی والے علاقوں میں پانی اور بجلی کی فراہمی کے مسائل ہمیشہ مقامی لوگوں کے لیے صورتحال قابل تشویش ہے۔