اسلام ٹائمز۔ لاہور شہر میں پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج کے خدشہ کے پیش نظر پولیس نے شہر بھر میں ناکہ بندی کر دی۔ شہر کی اہم شاہراہوں پر پولیس نے ناکے لگا کر شہریوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ گلبرگ مین بلیورڈ پر پولیس نے ناکہ بندی کی ہوئی ہے۔ جیل روڈ حسین چوک کے قریب بھی پولیس نے ناکے لگا دیئے ہیں۔ ادھر برکت مارکیٹ کے قریب بھی پولیس نے ناکے لگائے ہوئے ہیں۔ ناکہ بندی کے باعث جیل روڈ، گلبرگ مین بلیورڈ پر ٹریفک روانی متاثر ہو رہی ہے۔ ادھر شمع سٹاپ، فیروز پور پر ناکے لگا کر کنٹینرز بھی لگا دیئے گئے ہیں۔ کنٹینرز لگائے جانے سے فیروزپور روڈ پر ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ اچھرہ، مسلم ٹاون اور قذافی سٹیڈیم پر قطاریں لگی ہوئی ہیں۔