اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ پاک فوج کے میجر عاطف خلیل اور حوالدار نور احمد شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آج ہرنائی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جو بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجر محمد حسیب کی قیادت میں سیکیورٹی فورسز کو فوری طور پربھیجا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسزکی گاڑی کے قریب دیسی ساختہ بم پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 28 سال کے میجر محمد حسیب شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 38 سال کے حوالدار نور احمد بھی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن، استحکام کے خلاف کوششیں ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔