0
Tuesday 22 Oct 2024 21:57

پشین، لیویز فورس کی کارروائی، دو دہشتگرد ہلاک، ایک گرفتار

پشین، لیویز فورس کی کارروائی، دو دہشتگرد ہلاک، ایک گرفتار
اسلام ٹائمز۔ لیویز فورسز نے بلوچستان کے ضلع پشین میں کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے بتایا کہ لیویز فورس کی کارروائینے فتنہ الخوارج کے دو دہشتگرد ہلاک کر دیئے۔ کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد گرفتار بھی ہوا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ کارروائی تحصیل برشور توبہ میں کی گئی۔ مقامی لوگوں اور فتنہ الخوارج کے مابین فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیویز موقع پر پہنچی۔ ایک چرواہے نے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کو علاقے میں داخل ہونے سے روکا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کارروائی پر اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے لیویز فورس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم مقاصد میں ناکامی کی ایک بڑی وجہ مقامی آبادی کا بروقت رد عمل ہے۔ مقامی لوگوں نے پوری مستعدی اور دلیری سے لیویز فورس کے ہمراہ دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے عوام کے تعاون سے دہشت گردی کی عفریت کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوام تخریب کاروں اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو پہچان چکی ہے اور اس بات کا عملی ثبوت آج تحصیل برشور توبہ کی عوام نے اپنے مثبت عمل سے پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، سیکیورٹی اداروں اور عوام کی مشترکہ کاؤشوں سے ہم فتنہ الخوارج کا مکمل خاتمہ کرتے ہوئے اپنے صوبے کو امن خوشحالی کا گہوارہ بنائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1168051
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش