0
Monday 21 Oct 2024 14:41

نریندر مودی اور امت شاہ نے مہاراشٹر ریاست میں صدر راج لگانے کی سازش کی، سنجے راوت

نریندر مودی اور امت شاہ نے مہاراشٹر ریاست میں صدر راج لگانے کی سازش کی، سنجے راوت
اسلام ٹائمز۔ شیو سینا (یو بی ٹی) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی و امت شاہ نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر ریاست میں اگلے چھ ماہ تک صدر راج نافذ کرنے کی سازش کی ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنجے راوت نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں مہاوکاس اگھاڑی کی حکومت آنے والی ہے اور بی جے پی کو شکست کا خوف ہے۔ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ریاست میں اقتدار کی تبدیلی ہونے والی ہے، بی جے پی شکست کے سائے میں ہے، اس لئے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر ووٹر لسٹ کا گھپلہ جاری ہے، ووٹر لسٹ سے نام غائب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے بات کی ہے کہ 150 اسمبلی حلقوں میں سے کم از کم 10 ہزار نام غائب ہیں، یہ جمہوریت کا سب سے بڑا دھوکہ ہے اور ہم اس بات پر لوگوں کی توجہ ضرور دلائیں گے

شیو سینا کے لیڈر نے دعویٰ کیا کہ چندر شیکھر باونکولے فرضی ووٹر لسٹ گھوٹالے کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔ سنجے راوت نے ان پر الزام عائد کیا کہ اس سلسلے میں ناگپور میں ایک خصوصی اجلاس کا انعقاد کرکے ووٹر لسٹ میں جعلی نام درج کرنے اور ووٹرز کے نام ہٹانے کی کارکنوں کو تربیت دی گئی۔ سنجے راوت نے بی جے پی لیڈروں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ مرد ہیں تو جمہوری طریقے سے الیکشن کا سامنا کریں۔ انہوں نے ہریانہ اور جھارکھنڈ میں ووٹر لسٹ گھوٹالہ کیا اور اب وہ مہاراشٹر میں بھی ایسا ہی کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، ہم سڑکوں پر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی و امت شاہ گندی سیاست کر رہے ہیں، وہ مہاراشٹر کے دشمن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی انتخابات 20 نومبر کو ہیں اور نتائج کا اعلان 23 نومبر کو کیا جائے گا اور نئی حکومت 26 نومبر کو تشکیل دی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 1167693
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش