0
Monday 21 Oct 2024 08:59

جے یو آئی گلگت بلتستان کا اجلاس، الیکشن کی تیاری کا فیصلہ

جے یو آئی گلگت بلتستان کا اجلاس، الیکشن کی تیاری کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما اسلام گلگت بلتستان کا پہلا تعارفی اجلاس خلفا راشدین مسجد گلگت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی امیر مفتی ولی الرحمان نے کی جبکہ اجلاس کی کارروائی صوبائی جنرل سیکریٹری بشیر احمد قریشی نے چلائی۔ اجلاس میں صوبائی امیر مفتی ولی الرحمان، جنرل سیکریٹری جمعیت علما اسلام گلگت بلتستان بشیر احمد قریشی، نائب امیر قاری عبد الکریم بخاری، نائب امیر میر بہادر، نائب امیر مولانا عبدالہادی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری شیر اعظم، ڈپٹی جنرل سیکریٹری محبوب الرحمان ایڈووکیٹ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا محمد انس، سیکرٹری اطلاعات عبد اللہ احمد، سیکرٹری مالیات ٹکا خان، ڈپٹی سیکرٹری مالیات عبد الحمید گجر، ڈیجیٹل میڈیا کوآرڈینیٹر محمد طیب قریشی، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ابوبکر، صوبائی سالار مولانا دلدار عزیزی، ڈپٹی سالار بہرام خان، ضلع گلگت کے امیر منہاج الدین اور جنرل سیکرٹری حافظ عنایت اللہ نے خصوصی طور پر جبکہ مفتی محمد رفیع اور قاری غلام اللہ قریشی نے اعزازی طور پر شرکت کی۔
 
اجلاس کی کارروائی چلاتے ہوئے بشیر احمد قریشی نے نومنتخب صوبائی کابینہ کو مبارکباد پیش کی اور ایجنڈے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نومنتخب کابینہ کا آج تعارفی اجلاس ہے جس میں تمام ساتھی اپنا تعارف کروانے کے ساتھ ساتھ جماعت کو فعال کرنے کے لئے اپنی رائے کا اظہار بھی کریں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام پاکستان اس وقت پاکستان کی سیاست میں صف اول کا کردار ادا کر رہی ہے اور قائد ملت اسلامیہ مولانا فضل الرحمان کی فعالیت اور ذہانت کی وجہ سے جمعیت علما اسلام حزب اختلاف اور حزب اقتدار کی امیدوں کا مرکز ہے۔ بشیر احمد قریشی نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام میں بھی قائد جمعیت کے کردار کے باعث جمعیت مقبول ہو رہی ہے لہٰذا تمام ساتھیوں سے درخواست ہے کہ عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے فعال کردار ادا کریں۔
 
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی امیر مفتی ولی الرحمان نے کہا کہ تمام نومنتخب ساتھیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور درخواست ہے کہ جمعیت کو فعال کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے سال گلگت بلتستان میں الیکشن کا سال ہے لہٰذا تمام ساتھی الیکشن کے حوالے سے پیش بندی کریں تاکہ جے یو آئی کو گلگت بلتستان کے ایوانوں میں بھی بھرپور نمائندگی مل سکے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے آخر میں فیصلہ کیا گیا کہ تین دنوں کے اندر اندر صوبائی سیکرٹریٹ کے لئے عمارت کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ضلع گلگت کے امیر منہاج الدین اور ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ عنایت اللہ کی ذمہ داری لگائی گئی کہ سیکرٹریٹ کے لئے جگہ کا انتخاب کر کے رپورٹ پیش کریں۔
 
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لائرز فورم کی صوبائی باڈی منتخب کرنے کے لئے تمام اضلاع سے دو دو بندوں کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو جلد از جلد اپنے اضلاع کے وکلاء سے رابطہ کر کے نام صوبائی جماعت کو ارسال کریں۔ اجلاس میں نائب امیر میر بہادر کی ذمہ داری لگائی گئی کہ وہ نوجوانوں سے رابطہ کر کے نوجوانان جمعیت فورم تشکیل دے کر رپورٹ پیش کریں۔
خبر کا کوڈ : 1167639
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش