0
Sunday 13 Oct 2024 19:34

مسلم تنظیم کا یتی نرسنگھانند کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ

مسلم تنظیم کا یتی نرسنگھانند کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ یتی نرسنگھانند نامی شخص کی جانب سے حضرت محمد مصطفٰی (ص) کی ذات مبارکہ کے خلاف دئے گئے اہانت آمیز بیان پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے بھٹکل کے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم نے آج اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) کے توسط سے چیف جسٹس آف انڈیا کے نام میمورنڈم ارسال کرنے اور منگل 15 اکتوبر کو بھٹکل بند کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے تنظیم میں عمائدین قوم، مختلف اداروں اور فیڈریشن کے ذمہ داران اور اسپورٹس سینٹروں کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ میٹنگوں کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ کل قوم کے ذمہ داروں کا وفد بھٹکل پولیس تھانہ پہنچ کر یتی نرسنگھانند کے خلاف ایف آئی آر درج کرائے گا۔ کل شام منی ودھان سودھا کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور اسسٹنٹ کمشنر کے توسط سے چیف جسٹس آف انڈیا کو میمورنڈم پیش کیا جائے گا۔ تنظیم کی طرف سے عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ کل شام کثیر تعداد میں منی ودھان سودھا کے باہر جمع ہوجائیں۔

تنظیم کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق منگل 15 اکتوبر کو مکمل بھٹکل بند کا اہتمام کیا گیا ہے، جس کے تحت تمام دکانیں، کاروبار، دفاتر، اسکول، کالج، دینی مدارس، آٹورکشے، ٹیمپو، ہوٹل اور تعمیراتی کام مکمل طور پر بند رہیں گے۔ ضروریات زندگی جیسے گوشت، مچھلی، دودھ، سبزی، پھل وغیرہ کی خرید و فروخت بھی بند رہے گی۔ عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس بند کو کامیاب بنا کر حضور اکرم (ص) کی شان میں گستاخی کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کریں۔ تنظیم نے پریس ریلیز میں مزید کہا ہے کہ اس بند کو مکمل کامیاب بنانے کے لئے ملت کے ہر فرد اور ادارے کا تعاون ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 1166244
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش