اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کی جانب سے ضلع اننت ناگ کے شانگس علاقہ میں ورکرس کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست کے امیدوار میاں الطاف احمد لاروی، عبدالمجید، بشیر احمد ویری سمیت ورکرس کی بڑی تعداد موجود رہی۔ اس موقع پر ورکرس سے خطاب کے دوران ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ بی جے پی نے ہمیشہ مذہب کی سیاست کی ہے اور آج بھی وہ اسی راستہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک سیکیولر ملک ہے اور یہ دنیا کا ایسا ایک واحد ملک ہے جہاں پر ہر مذہب کے لوگ مل جھل کر رہتے ہیں لیکن بی جے پی نے اپنے سیاسی مفادات کے لئے مذہبی ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارہ کو تہس نہس کرنے کی کوشش کی ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ بی جے پی نے ملک میں نفرت کا بیج بویا ہے اور آج بھی ملک کے وزیراعظم خاص کر مسلمانوں کے خلاف زہر پھیلا رہے ہیں۔ ماضی میں گائے، گوشت، تین طلاق جیسے معاملات پر مسلمانوں کو ٹارگیٹ کیا گیا اور آج منگل سوتر چھینے جیسی باتیں کرکے ایک بار پھر ہندؤں کو مسلمانوں کے خلاف بھڑکایا جارہا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ملک کے تمام مسلمان اور اقلیتی طبقے بی جے پی کے ظلم و ستم سے تنگ آچکے ہیں، لیکن اب بی جے پی کے پاس زیادہ دن نہیں رہے اور وہ وقت آگیا جب ملک کو بی جے پی کی حکمرانی سے آزادی ملے گی۔