اسلام ٹائمز۔ میلاد فاونڈیشن پاکستان کے پلیٹ فارم سے بزم عاشقان رسول پیر پراٹھی شاہ کے زیراہتمام 17ویں سالانہ استقبال ربیع الاول میلاد ریلی جامع مسجد مدینہ سٹی مال گودام گیلانی پارک سے نکالی گئی، جس کی قیادت خاندان گیلانیہ ملتان کے سربراہ سید غلام یزدانی گیلانی، میلاد فانڈیشن پاکستان کے صدر زاہد بلال قریشی، قاری اعجاز عطاری، پیر عزیز الرحمن، محمد امین قادری، حافظ شرافت مرزا نے کی۔ قائدین نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم (ص)کی آمد سے دنیا کائنات میں جان آگئی اور ظلم کے اندھیرے اجالوں میں بدل گئے۔ ہر سال یکم ربیع النور شریف کا چاند نظر آتے ہی عاشقان رسول (ص) اپنے آقا و مولا کی آمد کی خوشیاں منانے لگ جاتے ہیں اور اس سال بھی خوشیاں منانے کیلئے رات بھر سے عظمت مصطفی (ص) کی آمد مرحبا کی صدائیں لگائی جارہی ہیں اور پورے جوش وخروش سے ریلیوں کا انعقاد کریں گے۔ ریلی جامع مدینہ مسجد سے شروع ہو کر لوہا مارکیٹ، حرم گیٹ، اکبر بازار، چوک شہیداں، تیمور روڈ، صادق کالونی چوک، سٹی اسٹیشن سے ہوتی ہوئی واپس جامع مدینہ مسجد پر اختتام پذیر ہوئی اور آخر میں ملک و قوم کیلئے دعائیں کی گئی۔