0
Thursday 14 Sep 2023 19:06

گودی میڈیا کے 14 اینکرس کے پروگرام میں شامل نہیں ہونگے، حزب اختلاف ’انڈیا‘ کا اعلان

گودی میڈیا کے 14 اینکرس کے پروگرام میں شامل نہیں ہونگے، حزب اختلاف ’انڈیا‘ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مرکز کی مودی حکومت کے خلاف متحد ہوئی اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد ’انڈیا‘ نے ’گودی میڈیا‘ کے خلاف ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایسے ٹی وی اینکرس یا صحافیوں کے پروگرام میں اپنے لیڈرس کو نہیں بھیجیں گی جو کہ صرف اشتعال انگیزی پھیلانے کا کام کرتے ہیں اور نفرت کا ماحول پیدا کرتے ہیں۔ انڈیا اتحاد کی طرف سے ایسے ٹی وی اینکرس کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں ارنب گوسوامی، سدھیر چودھری اور چترا ترپاٹھی جیسے مشہور نام شامل ہیں۔ دراصل انڈیا اتحاد کے کوآرڈنیشن کمیٹی کی میٹنگ 13 ستمبر کو این سی پی چیف شرد پوار کی دہلی واقع رہائشگاہ پر منعقد ہوئی تھی۔

اس میٹنگ کے بعد ہی کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے بتا دیا تھا کہ میٹنگ میں اس بات پر اتفاق قائم ہوا ہے کہ کچھ میڈیا گروپس کے کچھ اینکر کے شو میں انڈیا اتحاد کا کوئی بھی لیڈر شامل نہیں ہوگا۔ حالانکہ اس وقت انہوں نے کسی بھی اینکر کا نام ظاہر نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اینکرس کے نام پر فیصلہ وہ ذیلی گروپ کرے گا جسے میڈیا کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اب ان اینکرس کی فہرست سامنے آئی ہے جن کے پروگرام میں ’انڈیا‘ اتحاد کے لیڈران شامل نہیں ہوں گے۔ وہ نام درج ذیل ہیں: ادیتی تیاگی، امن چوپڑا، امیش دیوگن، آنند نرسمہن، ارنب گوسوامی، اشوک شریواستو، چترا ترپاٹھی، گورو ساونت، نویکا کمار، پراچی پراشر، روبیکا لیاقت، شیو ارور، سدھیر چودھری اور سوشانت سنہا۔

انڈیا میڈیا کمیٹی کے ذریعہ 14 ستمبر کو مذکورہ بالا 14 ٹی وی اینکرس کے نام کی فہرست جاری کی گئی ہے۔ ساتھ ہی انڈیا میڈیا کمیٹی نے بتایا کہ 13 ستمبر کو منعقد انڈیا کوآرڈنیشن کمیٹی کی میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا ہے کہ کچھ اینکرس کے پروگرام میں انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیاں اپنے نمائندے نہیں بھیجیں گی۔ اینکرس کی فہرست کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے اپنے ایکس ہینڈل پر شیئر کی ہے۔ انہوں نے ایک ویڈیو بھی جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ روزانہ شام 5 بجے سے کچھ چینلز پر نفرت کی دکانیں سجائی جاتی ہیں۔ ہم نفرت کے بازار کے گاہک نہیں بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ہے ’نفرت سے پاک ہندوستان‘ ہے۔
خبر کا کوڈ : 1081657
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش