اسلام ٹائمز۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حکومت اور عوام کو شجر کاری مہم پر توجہ دینی چاہئے۔ پاکستان کے گرم علاقوں میں گرمی کی شدت سے بچنے کے لئے درخت لگانے چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے جامعہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں شجرکاری کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری عبادت ہے۔ درخت زمین کا حسن اور حیات انسانی کی ضرورت ہیں۔ شجرکاری سے ملک اور شہروں کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے اور یہ کاربن ڈائی آکسائڈ گیس کو جذب کرکے ہمیں آکسیجن فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام کو شجر کاری مہم پر توجہ دینی چاہئے۔ پاکستان کے گرم علاقوں میں گرمی کی شدت سے بچنے کے لئے درخت لگانے چاہئے۔ میوہ دار درخت سے جہاں ہمیں سایہ ملتا ہے، وہاں بہترین میوے انسانی غذا اور زندگی کے لئے مفید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا سنت نبوی اور صدقہ جاریہ ہے۔ شجرکاری سے ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ممکن ہے۔ انکا کہنا تھا کہ درختوں کی کٹائی کا سلسلہ افسوسناک ہے، جسے روکنا ضروری ہے۔ درخت لگانے سے ملکی معیشت مضبوط ہوتی ہے۔ شجرکاری کے ان گنت فوائد ہیں۔ اس موقع پر مجلس علمائے شیعہ ضلع جیکب آباد کے صدر مولانا سیف علی ڈومکی، مولانا ارشاد علی سولنگی اور دیگر بھی موجود تھے۔