0
Sunday 26 Jan 2025 11:40

بھارت کے پاس یوم جمہوریہ منانے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے، ڈی ایف پی

بھارت کے پاس یوم جمہوریہ منانے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے، ڈی ایف پی
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی سمیت حریت پسند تنظیموں نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کرنے والے بھارت کے پاس اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں علاقے پر بھارتی قبضے اور کشمیریوں کے سیاسی اور انسانی حقوق کی بے دریغ پامالیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملک جو قتل و غارت اور ظلم و بربریت میں ملوث ہے اور جس نے کئی دہائیوں سے کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے، اسے یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارت ایک غاصب ملک ہے جس نے کشمیریوں کی امنگوں اور ان کے جمہوری حقوق کو اپنے پائوں تلے روندنے کے ساتھ ساتھ انہیں گزشتہ 77 سال سے غیر قانونی فوجی قبضے میں رکھا ہوا ہے۔

ترجمان نے بھارتی حکمرانوں کے دوہرے معیار کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف بھارتی قیادت سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے بلند و بانگ دعوے کرتی ہے تو دوسری طرف کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے بھی محروم کر رکھا ہے۔ انہوں نے سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھارتی فوج کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور مسافروں کی چیکنگ پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو ایک جائز تحریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری جنہوں نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں، اس وقت تک ہر محاذ پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک کہ وہ بھارتی قبضے سے آزادی کا اپنا اہم مقصد حاصل نہیں کر لیتے۔

دریں اثناء تحریک وحدت اسلامی کے چیئرمین فیاض حسین جعفری اور پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سید سبط شبیر قمی نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں کہا ہے کہ بھارت کوئی جمہوری ملک نہیں بلکہ ایک جارح اور غاصب ہے جس نے گزشتہ سات دہائیوں سے جموں و کشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا نام نہاد جمہوری ملک بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے اور مقبوضہ علاقے میں جمہوری اقدار اور اصولوں کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1186652
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش