اسلام ٹائمز۔ حماس اور صیہونی ریاست کے مابین قیدیوں کے تبادلے کے تحت جنین سے تعلق رکھنے والے قیدی کو 36 سال بعد رہائی مل گئی۔ مرکز اطلاعات فلسطین کی رپورٹ کے مطابق غرب اردن کے شمالی شہر جنین کے نواحی علاقے سیلہ الحارثیہ سے تعلق رکھنے والے 57 سالہ رائد السعدی کو 1989ء سے حراست میں لیا گیا تھا. السعدی اسرائیلی زندانوں سے رہائی پانے والے ان دو سو خوش نصیب فلسطینیوں میں شامل ہیں جنہیں ہفتے کے روز قابض اسرائیلی جیلوں سے رہا کیا گیا۔ سنہ 1987ء کے انتفاضہ کے آغاز سے ہی الاسعدی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد میں قابض ریاست نے اسے 20 سال عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ سعدی کو متعدد سطحوں پر قابض ریاست کی جیلوں میں سرگرم قیدیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے دوران حراست "امی مریم الفسطینیہ" کے عنوان سے ایک ناول لکھا تھا۔ وہ اوسلو معاہدے پر دستخط کرنے سے پہلے حراست میں لینے والے پرانے قیدیوں میں سے ایک ہیں۔