0
Saturday 25 Jan 2025 19:37

ملک اور قوم کی ترقی کیلئے تعلیم کا فروع اولین ضرورت ہے، عبدالواسع

ملک اور قوم کی ترقی کیلئے تعلیم کا فروع اولین ضرورت ہے، عبدالواسع
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے کہا ہے کہ ملک اور قوم کی ترقی کیلئے تعلیم کا فروع اولین ضرورت ہے اور یہی وجہ ہے کہ آئین پاکستان میں اس بنیادی ضرورت کو اہمیت دیتے ہوئے میٹرک تک مفت تعلیم حکومت کی ذمہ داری میں شامل کیا گیا ہے، صوبائی حکومت اپنی اس آئینی ذمہ داری سے جان خلاصی کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے اور اخراجات پورے نہ ہونے کا بہانہ بنا کر صوبہ بھر میں ایک ہزار سے زائد تعلیمی اداروں کو نجی شعبہ کے حوالے کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے جو کہ آئین پاکستان سے انخراف کے مترادف ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے اور اپنی ترجیحات کا تعین درست کرلے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی عبدالواسع نے اقراء سکول اینڈ کالج پارہوتی مردان میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام منعقدہ سالانہ احباب کنونشن سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں ترقی کے بغیر ملک اور قوم کی ترقی کا خواب ادھورا ہوتا ہے، صوبائی حکومت کا سرکاری تعلیمی اداروں کی پرائیویٹائزیشن لمحہ فکریہ ہے حکومت سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری سے باز رہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت تعلیمی اداروں کی حالت زار بہتر بنانے پر توجہ دیں اور سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنائے۔ حکومت اپنے لئے طے کردہ اہداف میں صحت اور تعلیم کو سرفہرست رکھے اور ان دونوں شعبوں کے معیار پر کوئی سمجوتہ نہ کرے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کے مسائل کے حل لئے اسلامی جمعیت طلبہ کے گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ہر دور میں طلبہ کی درست سمت میں رہنمائی کا فریضہ سرانحام دیا ہے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر غلام رسول اور مشتاق سیماب ایڈوکیٹ سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 1186542
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش