اسلام ٹائمز۔ دارالخیر میر واعظ منزل نے سرینگر کے علاقے بہائوالدین نوہٹہ میں آتشزدگی کے ہولناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس واقعے میں چھ مکانات مکمل طور پر تباہ اور دیگر کو نقصان پہنچا تھا۔ ذرائع کے مطابق دارالخیر نے سرینگر میں تنظیم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد کی فراہمی اور ان کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔اس دوران مفتی غلام رسول سامون کی قیادت میں دارالخیر میر واعظ منزل کے ایک وفد نے بہائوالدین صاحب نوہٹہ سرینگر جا کر متاثرہ خاندانوں میں چاول، آٹا، کمبل اور کچن کٹ اور دیگر بنیادی ضرورت کا سامان تقسیم کیا اور ان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ دارالخیر میر واعظ منزل نے اس بات پر زور دیا کہ اپنے قیام کے بعد سے تنظیم نے قدرتی آفات کے دوران ضرورت مند افراد کو ہر ممکن مدد کی ہے۔ تنظیم متاثرین کی بحالی کے لیے اپنی کوششوں میں ثابت ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں کمیونٹی کو ہر ممکن مدد فراہم کرتی ہے۔