اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں محکمہ ترقی نسواں کی مشیر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر ناچ گاکر خواتین کو حقوق نہیں دلوائے جا سکتے ہیں۔ اصل ویمن امپاورمنٹ یہی ہے کہ خواتین کو مالی طور پر خودمختار بنانا ہے۔ یہ بات صوبائی مشیر نے ویمن میڈیا سینٹر کے زیر اہتمام نیشنل اینڈومنٹ فار ڈیموکریسی کے اشتراک سے صنفی مساوات اور خواتین پر تشدد کے موضوع پر منعقدہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین کو اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار ہو اور وہ مالی طور پر خود مختار ہوں یہی اصل ویمن امپاورمنٹ ہے۔ ویمن امپاورمنٹ کا سنتے ہی مارچ والی منفی سوچ آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ناچ گاکر مادر پدر آزادی کا مطالبہ کرنا ویمن امپاورمنٹ نہیں، مرد و خواتین دونوں مل کر خواتین کے حقوق کا تحفظ کریں۔