0
Wednesday 27 Nov 2024 17:49

ہم لبنانی عوام اور مقاومت کے مقروض ہیں، جہاد اسلامی

ہم لبنانی عوام اور مقاومت کے مقروض ہیں، جہاد اسلامی
اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مقاومتی تحریک "جہاد اسلامی" کی سیاسی شوریٰ کے رکن "احسان عطایا" نے کہا کہ لبنان کی عوام اور مقاومت نے فلسطین کے لئے وہ کچھ کیا جو دنیا ہمارے لئے نہ کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ اس لحاظ سے ہم لبنان کے مقروض ہیں۔ احسان عطایا نے ان خیالات کا اظہار عرب نیوز چینل المیادین کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے کہ جس میں مقاومت کو لبنان اور خطے میں فتح نصیب ہوئی۔ تباہی کے باوجود متاثرین کی اپنے گھروں کو واپسی میں عجلت، استقامتی فورسز پر اعتماد کی نشان دہی کرتی ہیں کہ جنہوں نے بہادری کی داستانیں رقم کیں۔ احسان عطایا نے کہا کہ لبنان کی ثابت قدم عوام اپنے علاقوں میں واپس لوٹ کر دنیا کو چیلنج کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ انہوں نے کسی دھمکی کی پرواہ نہیں کی۔

جہاد اسلامی کی سیاسی شوریٰ کے رکن نے مزید کہا کہ مقاومت نے دشمن کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیا۔ مقاومت نے دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم لبنان کی کامیابی کو غزہ کی فتح سمجھتے ہیں۔ احسان عطایا نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بڑی فتح ہمارا مقدر ہو گی۔ احسان عطایا نے کہا کہ دن رات اپنی کامیابی کا جھوٹا ڈھنڈورا پیٹنے والے دشمن کے خلاف غزہ کے عوام کی ثابت قدمی کا نتیجہ بھی کامیابی کی صورت میں نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی دشمن کو مقاومت کے مقابلے میں سخت ناکامی کا سامنا ہے۔ لبنان کی مستحکم عوام نے دشمن کو الجھا کے رکھ دیا اور انہیں شکست دے دی۔
خبر کا کوڈ : 1175178
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش