اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دلانے کیلئے عالمی سطح پر آواز بلند کرنے پر زور دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ان خیالات کا اظہار انھوں نے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا محمد قاسم نون سے ایک ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان کی پارلیمنٹ سے موثر انداز میں کشمیریوں کی حمایت کی جانی چاہیے تاکہ بھارت پر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی دبائو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے حال ہی میں غیر قانونی طور پر زیرِ تسلط کشمیر میں جعلی انتخابات کا ڈھونگ رچایا ہے اور دنیا کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کی ہے کیونکہ مودی سرکار غیر قانونی طور پر زیرِ تسلط کشمیر میں ہندوتوا پالیسیوں پر گامزن ہے اور اس نے کشمیری عوام پر ظلم و جبر کی انتہا کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم بند کرانے کیلئے عالمی برادری پر زور دیا جانا چاہیے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدردی نے کہا کہ کشمیری عوام طویل عرصے سے اپنی آزادی کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں اور ہماری یہ جدوجہد جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی تک جاری رہے گی۔
اس موقع پر پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا محمد قاسم نون نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ ہم پاکستان کی سینٹ اور قومی اسمبلی سمیت دیگر فورمز سے مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارتی مظالم کے خلاف موثر انداز میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی اور دنیا کے ہر فورم پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا مقدمہ بین الاقوامی دنیا کے سامنے پیش کرے گی اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے ہر سطح پر کوششیں کی جائیں گی۔ رانا محمد قاسم نون نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے ہم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری رہنمائی اور ہدایات کی روشنی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ملاقات میں سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور عرفان کیانی بھی موجود تھے۔