0
Sunday 20 Oct 2024 07:44

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم کے خلاف مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرہ

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم کے خلاف مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے جبر و استبداد کے خلاف مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق مظاہرین نے بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بازی کی اور ہندوتوا حکومت کے 5 اگست 2019ء کے ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت کی۔ مظاہرین ”جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے”،”کشمیر کا ذرہ ذرہ کشمیر کے رہنے والوں کا ہے” اور ”بھارتی غاصبو جموں و کشمیر چھوڑ دو”جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اقوامِ متحدہ سے تنازعہ کشمیر حل کرنے کے لئے فوری مداخلت کی اپیل کی گئی تھی۔مقررین نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے کشمیری عوام کے تمام بنیادی انسانی حقوق اور شہری آزادیاں سلب کر رکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام بھارت سے مکمل آزادی چاہتے ہیں۔ مقررین نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے۔ مظاہرین نے اولڈ سیکریٹریٹ سے برہان وانی شہید چوک تک مارچ کیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کی جبکہ حریت رہنما مشتاق الاسلام، عثمان علی ہاشم، محمد شفیق انقلابی، محمد صدیق قریشی، محمد الطاف منہاس، الیف الدین ڈار، امتیاز عزیز خان، سید خالد شاہ اور دیگر نے بھی مظاہرے میں شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1167446
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش