0
Thursday 3 Oct 2024 18:19

لاہور، ایم ایس ایم نے کارکنوں کو فن نقابت و خطابت کورس کروا دیا

لاہور، ایم ایس ایم نے کارکنوں کو فن نقابت و خطابت کورس کروا دیا
اسلام ٹائمز۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (ٹریننگ کونسل) کے زیراہتمام جاری فن نقابت و خطابت کورس کی اختتامی تقریب مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوئی۔ اختتامی تقریب میں مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ شیخ فرحان عزیز اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشنل پروفیشنل ڈویلپمنٹ علامہ محمد سرفراز قادری نے خصوصی شرکت کی۔ معروف ٹرینر مطاہر منصور مصطفوی نے کورس میں شریک 70 سے زائد شرکاء کو فن خطابت و نقابت کی مہارتوں کو نکھارنے کے حوالے سے خصوصی لیکچرز دیئے اور عملی مشقیں بھی کروائیں۔ انہوں نے بتایا کہ کورس کا مقصد طلبا کو فن خطابت و نقابت سے آراستہ کرنا تھا کیونکہ خطابت فن اور علم کے حسین امتزاج کا نام ہے۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر شیخ فرحان عزیز نے کہا کہ اس کورس سے طالبعلموں کی تقریری و تحقیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ فن نقابت و خطابت ایک مشکل فن ہے جس میں آپ کو بیک وقت صاحب علم، صاحب مطالعہ اور سخن فہمی کا حامل ہونا چاہیے۔ یہ علم کا راستہ ہے، گفتگو میں روانی، تسلسل، موضوع پر گرفت اور جملوں کی ترتیب و تہذیب بہت اہمیت رکھتی ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ٹریننگ کونسل کے تمام ذمہ داران کو اس شاندار کورس کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کورس میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے صدور و دیگر ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1164134
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش