اسلام ٹائمز۔ آج پیر کے روز برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی تنظیم (UKMTO) نے جنوبی عدن کے پانیوں میں ایک نئے سیکیورٹی واقعے کی اطلاع دی۔ فارس نیوز کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ عدن کے جنوبی حصے میں 57 سمندری میل کے فاصلے پر پیش آیا ہے۔ تفصیلات ابھی تک دستیاب نہیں ہیں اور اضافی معلومات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔ یمن کی مسلح افواج نے سات اکتوبر سے غزہ پر اسرائیل کی کارروائیوں کے آغاز کے بعد وعدہ کیا ہے کہ جب تک اسرائیلی رژیم اپنی کارروائیاں بند نہیں کرے گی، وہ اسرائیل سے متعلقہ کشتیوں کو بحیرہ روم، سرخ سمندر اور خلیج عدن میں نشانہ بنائیں گے۔ دوسری طرف، امریکہ اور برطانیہ نے 11 جنوری سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت یمن کی انصاراللہ کی پوزیشنز پر حملے شروع کر دیے ہیں۔ تاہم، یہ حملے اور اسرائیلی جنگی طیاروں کا الحدیدہ بندرگاہ پر حملہ، یمن کی مزاحمت کو اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کے مفادات کو نشانہ بنانے سے نہیں روک سکا۔