اسلام ٹائمز۔ روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے جمعہ کے روز کہا کہ زاپروژیا اور کورسک کے علاقوں میں واقع ایٹمی پاور پلانٹس یوکرین کی حکومت کے مجرمانہ دہشت گردانہ اقدامات کا نشانہ ہیں۔ فارس نیوز کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان "ماریا زاخارووا" نے آج (جمعہ) یوکرین کی فوج کی طرف سے ایٹمی پاور پلانٹس پر حملے کی کوشش کی مذمت کی۔ زاخارووا نے "ریا نووستی" کے ساتھ ایک انٹرویو میں کی یف حکومت کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ زاپروژیا اور کورسک کے علاقوں میں ایٹمی پاور پلانٹس یوکرین کی فوج کے مجرمانہ دہشت گردانہ اقدامات کا ہدف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کی یف کی حکومت بھی داعش دہشت گرد تنظیم کی طرح دہشت گردانہ منصوبے بنا رہی ہے۔
اس روسی سفارتکار نے مزید کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کو یوکرین کی ایٹمی پاور پلانٹس پر حملے کی کوشش کا نوٹس لینا چاہیے۔ ریا نووستی نے زاخارووا کے حوالے سے بتایا کہ کورسک کے ایٹمی پلانٹ پر یوکرینی ڈرون حملے کے دہشت گردانہ اقدام کی مذمت کرتے ہیں اور ایٹمی ایجنسی سے فوری ردعمل کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس سے قبل، ایٹمی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل "رافائل گروسی" نے جمعرات کو کہا تھا کہ یوکرین کی زمینی حملے کے بعد کورسک کے علاقے میں ایٹمی تنصیبات کو شدید خطرہ لاحق ہے۔