اسلام ٹائمز۔ صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئندہ انتخابات میں نئے تجربات یا سلیکٹڈ لانے کی کوشش کی گئی تو پھر سیاسی و معاشی استحکام ایک خواب بن جائے گا اور ملک ایسے تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا اس لیے صاف و شفاف انتخابات ہی ملک کے مسائل کا حل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام سیاسی قوتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم نہ کی گی تو حالات مذید ابتری کی جانب چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ ہے کہ اس کی قیادت نے ہمیشہ ملک کو شدید ترین بحرانوں سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی سیاسی قیادت اور مصنوعی سیاسی قیادت کا فرق گزشتہ دور حکومت میں سامنے آ چکا ہے اس کے باوجود اگر نئے تجربات کیے جاتے ہیں تو پھر اس کے نتائج کسی بھی صورت مثبت نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے ملکی مفاد کو پیش نظر ہونا چاہیے نہ کہ مخصوص مفادات کے لیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے تجربات ہو چکے اور اب یہ ملک مذید تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آیندہ عام انتخابات نے پاکستان کی آنے والے وقت کی سمت کا تعین کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اتحاد پاکستان کی سیاست میں کوئی نئی بات نہیں، تاریخ گواہ ہے کہ سب سے زیادہ اتحاد ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف بنے ہیں لیکن پاکستان پیپلز پارٹی پنی پوری قوت کے ساتھ سیاسی میدان میں کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کو کلیدی حثیت دی ہے اور سابق وزیراعظم پاکستان محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت پر پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک دشمنوں کے عزائم ناکام بنا دیے تھے۔