اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری صوبائی دارالحکومت لاہور پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی دبئی سے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے لاہور پہنچے اور وہ لاہور میں اپنے قیام کے دوران مختلف سیاستدانوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر کی مسلم لیگ ( ق ) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کا امکان ہے جس میں وہ آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے مشاورت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود کے گھر مخدوم ھاؤس 101 بی ماڈل ٹاون لاہور میں ہونے والی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ تقریب میں سینٹرل و جنوبی پنجاب سے مختلف سیاسی شخصیات پاکستان پیپلز پارٹی میں اپنی شمولیت کا باقاعدہ اعلان کریں گی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری صوبائی صدور کے ہمراہ میڈیا سے ملکی و سیاسی صورتحال پر گفتگو بھی کریں گے۔