متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے ہمراہ اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے مزار قائد پر حاضری دی، مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، گورنر سندھ اور گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی تحریر کئے۔ بعد ازاں گورنرسندھ نے ارشدندیم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ہیرو ارشد ندیم کی کراچی آمد پر ان کا مشکور ہوں، شیر پاکستان نے عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا، ارشد ندیم کی جیت نے قوم میں ایک نئی روح پھونک دی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ارشد ندیم کی ایک جھلک دیکھنے لاکھوں افراد گورنر ہاؤس آئے، پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے جشن میں ارشد ندیم کی شرکت نے مزہ دوبالا کردیا، شیر پاکستان کی کامیابی نے پوری قوم کو متحد کردیا۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ آج ملک کے کونے کونے میں جشن منایا جارہا ہے سب خوش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ارشد ندیم کی ہمت کی طرح ہر چیلنجز سے مقابلہ کرنا ہوگا، ہمیں متحد ہوکر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنا ہوگا۔ اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا کہ کراچی میں مجھے بہت محبت ملی، یہاں سے محبت لے کر جارہا ہوں، گورنر سندھ نے بہت عزت دی ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ارشد ندیم نے مزید کہا کہ بابائے قوم کے مزار پر حاضری میرے لئے اعزاز ہے۔