0
Friday 6 Sep 2013 13:36

شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملہ، 6 شدت پسند ہلاک

شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملہ، 6 شدت پسند ہلاک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کی تحصیل غلام خان میں واقع ایک کمپاؤنڈ پر امریکی ڈرون حملے میں کم سے کم 6 مشتبہ شدت پسند ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے ہیں۔ جس علاقے میں ڈرون طیارے نے کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا وہ پاک افغان سرحد سے قریب ہے۔ سرکاری خفیہ ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ ڈرون طیارے سے ایک کمپاؤنڈ پر3 میزائل داغے گئے جس کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ وہ حقانی نیٹ ورک کے قبضہ میں تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد کمپاؤنڈ مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق حملے کے بعد سے ڈرون طیارے علاقے میں نچلی پروازیں کررہے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ابھی تک اس حملے میں مرنے والے شدت پسندوں کی شناخت نہیں ہوئی لیکن یہ علاقہ حقانی نیٹ ورک کے زیر تسلط ہے۔

واضح رہے 2004ء سے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ہونے والے امریکی ڈرون حملوں میں افغان سرحد سے قریبی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں شمالی وزیرستان بھی شامل ہے جہاں پر مختلف شدت پسند القاعدہ اور طالبان کے ساتھ مل کر شدت پسند کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ شمالی وزیرستان کو پاکستانی، افغان اور القاعدہ سے منسلک غیر ملکی شدت پسندوں کا گڑھ مانا جاتا ہے جبکہ امریکی ڈرون پروگرام دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا باعث ہے۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے کرنا اس لئے ضروری ہے کیوں کہ ان علاقوں میں پاکستانی حکومت عسکریت پسندوں سے لڑنے کے لئے فوجی حکمت عملی نہیں اپناتی۔ امریکی حکام سمجھتے ہیں کہ حقانی نیٹ ورک افغانستان میں امریکی فوجیوں سے لڑنے والا سب سے خطرناک عسکریت پسند گروہ ہے۔ تاہم پاکستان کا اس حوالے سے موقف ہے کہ ڈرون حملے اس کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 299195
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش