اسلام ٹائمز۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ میری اوقات نہیں کہ مذاکرات ناکام یا کامیاب بناؤں، مجھے پی ٹی آئی والوں کی نیت پر 100 فیصد شک ہے، پی ٹی آئی والے وقت گزار رہے ہیں، ان کے مقاصد کچھ اور ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وہ بانی کو مذاکرات کے ذریعے باہر لانے میں سنجیدہ نہیں، بہت سے لوگوں کے ہاتھ میں گیم آگئی ہے، مجھے ایسے ہی ٹارگٹ کر رہے ہیں کہ مذاکرات ناکام ہوں، میری دعا ہے اگر دو نمبری ہو رہی ہے تو بھی مذاکرات کامیاب ہوں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ایک بھی نکتہ ایسا نہیں کہ مذاکرات کامیابی کی طرف جائیں، پی ٹی آئی کا مقصد کامیابی نہیں بلکہ وہ بندہ ڈھونڈ رہے ہیں، جس پر ناکامی کا ملبہ ڈالا جائے، یہ وقت ضائع کر رہے ہیں، لیکن مقاصد کچھ اور ہیں، یہ "مذاق رات" ہیں، مذاکرات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب سمیت پارٹی لیڈرشپ مذاکرات کے حق میں ہے، رانا ثناء اللّٰہ اور دیگر ساتھی مذاکرات کے حق میں ہیں، میں بھی مذاکرات کے حق میں ہوں لیکن یہ نہیں ہیں۔