اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ علی اکبر صالحی نے ایک خط کے ذریعے علاقائی اور بین الاقوامی اداروں کے حکام کو کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملوں کو رکوانے کے لئے فوری طور پر سنجیدہ اقدام کریں۔ فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرلز، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ، یورپی یونین کے سلامتی اور خارجی سیاست کے نمائندے کو جداگانہ طور پر خط لکھے ہیں۔ انہوں نے ان خطوط میں فلسطین کے نہتے اور بےگناہ شہریوں کے خلاف جو کہ گذشتہ کئی سالوں سے شدید محاصرے میں ہیں، صیہونی حکومت کے وحشیانہ اور غیر انسانی حملوں کی شدید مزمت کی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ان جارحانہ اور وحشیانہ حملوں سے خطے اور جہاں کے عوام کے ان خدشات کو تقویت ملی ہے کہ صیہونی حکومت وسیع پیمانے پر فلسطینیوں کے قتل عام کے ذریعے خطے کو ناامن اور عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے تاکید کی ہے کہ بین الاقوامی غزہ پر اسرائیل کے ان جارحانہ فوجی حملوں کو فوری طور پر رکوانے اور غزہ کا ہر طرح کا محاصرہ ختم کروانے کے لئے فوری اقدام کرے، تاکہ کسی بڑے انسانی فاجعہ سے بچا جاسکے۔ علی اکبر صالحی نے مزید کہا ہے کہ فلسطینیوں کے تمام جائز حقوق کا حصول صرف اور صرف صہیونی حکومت کے ناجائز قبضہ کے مکمل خاتمہ سے ہی محقق ہو سکتا ہے۔